کراچی(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت غیرمستحکم ہوچکی ہے ، عام انتخابات کسی بھی وقت ہوسکتے ہیں، اگلی حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی،پیپلزپارٹی کسی کے اشاروں پر نہیں چلتی ، پرویز مشرف کی طرح کپتان کو بھی بھگائیں گے ، اپوزیشن متحد ہو کر تحریک عدم اعتماد لائے تو پنجاب اور وفاقی حکومت کل ہی گر جائے گی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کو وائی ایم سی اے گراؤنڈ کی ازسرنو تزئین و آرائش کے بعد منصوبے کا افتتاح کرنے کے موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پروزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزرائسید ناصرحسین شاہ، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر موجودتھے ۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی سے لیکر کشمیر تک عوام صرف پیپلزپارٹی کی طرف دیکھ رہے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے مسائل کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے ۔وفاقی حکومت کراچی اور سندھ کے ساتھ زیادتی بند کی جائے ،وفاقی حکومت نے ایک سال گزر گیا ایک ایک قطرہ پانی، ایک میگاواٹ بجلی نہیں دی،مردم شماری میں غلط گنتی کرکے ہمیں حق نہیں دیا جاتا۔بلاول بھٹو نے موجودہ حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ آئینی حکومت نہیں ہے ،یہ ایک کمزور حکومت ہے ملک میں کسی بھی وقت الیکشن ہوسکتے ہیں۔ پیپلزپارٹی جب تک پی ڈی ایم کا حصہ تھی اپوزیشن جیت رہی تھی ،ہم سمجھتے ہیں نئے الیکشن مسائل کا حل ہے ۔کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات ہوئے جو بہت افسوسناک ہیں ،انہوں نے حکومت سے کہا کہ وزیراعظم دہشت گردوں کے ساتھ نرم رویہ ختم کریں ۔ کچھ عرصے بعد جب واشنگٹن جاؤں گا، عوام پھر حکمرانوں کی چیخیں سنیں گے ۔بلاول بھٹونے کہا کہ یہ حکومت جلد جا رہی ہے ، لوگ دونوں جماعتوں کو پہچان چکے ہیں ، ہماری جماعت میں بڑے بڑے لوگ شامل ہو رہے ہیں ، آنے والی حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب ہم واشنگٹن کا دورہ کرینگے تو عوام ان کی چیخیں سنیں گے ، بلدیاتی الیکشن میں کراچی کے عوام ایم کیوایم پاکستان اور پی ٹی آئی کو جواب دیں گے ۔دعوت ملی تو بھی پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے اجلاس میں شریک نہیں ہوگی ۔امید ہے وہ ہمارے بغیر دھرنے بھی دیں گے اور عمران خان کو بھی بھگائیں گے ۔