ملتان( سپیشل رپورٹر)وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن مایوس اور مسترد شدہ سیاست دانوں کا ٹولہ ہے جوانتشار کی سیاست کررہی ہے ۔ 2018ء سے لیکر اب تک حکومت گرانے کی بارہا کوششیں کی گئیں لیکن انہیں ناکامی ہوئی۔ اب اگر عدم اعتماد کا کھیل کھیلنا چاہتے ہیں تو اپنا شوق پورا کریں۔اپوزیشن کے پاس اگر ووٹ مکمل ہوتے تو وہ حکومت میں ہوتے ۔کیونکہ ان کے پاس ووٹ پورے نہیں ہیں لہذا وہ دائیں بائیں دیکھ رہے ہیں۔ دائیں بائیں دیکھنے والو ں کو ناکامی ہوگی۔ عوام اگر اپوزیشن پر اعتماد کرتے تو وہ آج حکومت میں ہوتے ۔ حکومتی کارکردگی کی بنا پر کہہ رہا ہوں 2023ء کا سال بھی تحریک انصاف کا سال ہے ۔ اپوزیشن کو2023ء میں بھی مایوسی ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے ملتان میں این ا ے 156 کی یونین کونسلوں 43‘47‘65 میں تقریبات سے خطاب اور وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔قبل ازیں وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا۔ انہوں نے این اے 156کی مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کی۔ مختلف استقبالیہ تقریبات میں شرکت کی۔ وہ حلقے کی وفات پا جانے والی مختلف شخصیات کی رہائش گاہوں پر گئے جہاں انہوں نے مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔دریں اثنا وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دربار حضرت سلطان بخاری المعروف پیر قتال جلال پور پیروالہ کے سجادہ نشین اور سابق رکن قومی اسمبلی دیوان جعفر حسین بخاری کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔