ملتان(سپیشل رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا اپوزیشن سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، اپوزیشن کی رکاوٹوں کے باوجود ملکی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں، ملکی وحدت پارہ پارہ کرنے والی قوتیں شکست سے دو چار ہونگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان کے حلقہ این اے 156 کی مختلف یونین کونسلوں میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا ماضی میں حکمرانوں نے ملکی دولت لوٹی اور بیرون ملک جائیدادیں بنائیں۔ تحریک انصاف کی حکومت کو دو سال گزر چکے ہیں ہماری حکومت کے کسی بھی عہدیدار کا کوئی کرپشن سکینڈل ابھی تک سامنے نہیں آیا۔ یہ ہماری حکومت کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کرونا کے باوجود ملک میں ترقی کا سفر جاری رہا۔ الیکشن کے دوران کئے گئے وعدے مکمل کرنے کا وقت آن پہنچاہے ۔ عوام سے جو بھی وعدے کئے پورے کرینگے ۔ وزیر خارجہ نے ملتان میں مصروف دن گزارا ۔ این اے 156کی مختلف یونین کونسلوں 37‘38‘39 کا دورہ کیا ۔ انہوں نے عوامی مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے ۔