کامونکے ،مریدکے ، گوجرانوالہ، ڈسکہ، سیالکوٹ (نامہ نگار،ایجنسیاں )اپوزیشن نے اگر جلسوں میں قانون کی خلاف ورزی کی تو بھرپور طریقہ سے نمٹا جائے گا،گلگت بلتستان میں شرمناک شکست سے اپوزیشن کی مایوسیوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر رانا نذیر احمد خاں کی رہائشگاہ پر سٹی پریس کلب کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن سیاسی یتیموں کا ٹولہ ہے جو محض اس لئے اکٹھا ہوا ہے کہ تیس سال کے دوران جو انہوں نے ملکی دولت اور وسائل کو لوٹا ہے اس کا حساب نہ دینا پڑے ۔قبل ازیں رانا نذیر احمد خاں کی رہائشگاہ پہنچنے پر کارکنان اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا شاندار استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔قبل ازیں انہوں نے کامونکی، مریدکے ، گوجرانوالہ، ڈسکہ اور سیالکوٹ میں حکومت پنجاب کے زیر اہتمام ہفتہ شان رحمت للعالمین ؐ کے اختتامی روز مختلف تقاریب سے خطاب میں کہا کہ پنجاب کے عوام نے آقاؐ سے منسوب یہ ہفتہ جس بھرپور جذبے ،شوق اورمحبت سے منایا اسکی مثال نہیں ملتی۔ علاوہ ازیں انہوں نے کالاشاہ کاکو/مریدکے آمدکے موقع پر پی ٹی آئی کے صوبائی رہنماوامیدواربرائے میئرسٹی مریدکے چودھری ارشدورک کی جانب سے کئے گئے والہانہ استقبال کے دوران میڈیاکیساتھ خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ عوام کی زندگیاں دائوپرلگانیوالوں کو غیرذمہ دارانہ سیاست کاخمیازہ بھگتناپڑے گا۔ بڑھتے ہوئے کوروناکیسزکے باوجودجلسے خودغرضی کی انتہا ہے ۔حکومت عوام کے تحفظ کوہرصورت یقینی بنائے گی۔پنجاب میں اپوزیشن کااستقبال قانون سے کیاجائے گا۔