پشاور(92نیوز)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر رہنما سینیٹر الیاس احمد بلور نے ملک میں صدارتی نظام کے نفاذ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اپنے منتخب نمائندوں کو ہٹا کر ٹیکنو کریٹس کی حکومت قائم کرناچاہتے ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک میں اندرونی انتشار پھیلانے کی سازش ہو رہی ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ عبدالحفیظ شیخ ماہر معاشیات ہیں لیکن منتخب لوگوں کو ہٹا کر ٹینکو کریٹس کو لایا جا رہا ہے جو ملک و قوم کے مفاد میں نہیں، انہوں نے کہاکہ ہمیشہ سے ٹیکنو کریٹس وزرا اور منتخب نمائندوں کے ماتحت کام کرتے ہیں لیکن عمران نیازی جمہوریت کے برعکس اقدامات کرکے جمہوری نظام اور آئین پاکستان کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے ملکی معیشت جس نہج پرپہنچادی ہے اسے دوبارہ ٹریک پر لانا عبدالحفیظ شیخ کے بس کی بات نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ 17ویں ترمیم کے مطابق کوئی ون یونٹ بنا سکتا نہ ہی صدارتی نظام لا سکتا ہے ،انہوں نے کہاکہ پارلیمانی سسٹم جمہوری انداز میں انتخابات کے ذریعے عوامی نمائندوں کو منتخب کرتا ہے نہ کہ انہیں سلیکٹ کیا جاتا ہے ۔