کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کوملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا ٹریڈنگ کے دوران اتارچڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا لیکن مجموعی طور پرکے ایس ای100انڈیکس 33.67پوائنٹس کے اضافے سے 40276.93پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا تاہم51.68فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت3ارب52کروڑ60لاکھ وپے کی کمی ہوئی اورکاروباری حجم بھی صرف9کروڑ99لاکھ 54 ہزار شیئرز کی خرید وفروخت تک محدود رہا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو ٹریڈنگ کا آغاز منفی زون میں ہوا جس کے سبب ٹریڈنگ کے ابتدائی اوقات میں کے ایس ای 100 انڈیکس 40047 پوائنٹس کی نچلی سطح پر آ گیا۔ تاہم بعد ازاں سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے حصص کی خریداری بڑھنے کے نتیجے میں منفی اثرات زائل ہوگئے اور مارکیٹ مثبت زون میں داخل ہوگیا یہاں تک کہ انڈیکس 40522 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں حصص فروخت کا دباوٗ پھر بڑھنے سے مزکورہ حد برقرار نہ رہ سکی اور مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100انڈیکس 33.67 پوائنٹس کے اضافے سے 40276.93پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس5.38پوائنٹس کے اضافے سے 18604.04پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 13.06پوائنٹس کی کمی سے 28002.69پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر327کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 134کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 169میں کمی اور24میں استحکام رہا ۔