اسلام آباد (این این آئی)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 200 ارب روپے کے سکوک فنڈ کی تقسیم کے طریقہ کار،آئندہ تین ماہ تک انرجی سپلائی اور قرضوں کی ادائیگیوں کو جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ ہفتہ کو مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں 200 ارب روپے کے سکوک فنڈ کی تقسیم کے طریقہ کار کا فیصلہ کر لیا گیا۔ اجلاس میں آئندہ تین ماہ تک انرجی سپلائی اور قرضوں کی ادائیگیوں کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق آئندہ تین ماہ میں ٹیکسوں کی ضروریات پوری کرنا بھی اصول ہوگا۔وزارت توانائی کو بانڈز کی تقسیم سے متعلق آئندہ 2 ہفتوں میں تفصیلی فارمولا پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ،اجلاس میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کیلئے 66 کروڑ سے زائد کی گرانٹ منظور کرلی گئی ،یہ رقم گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ایس ایم ایز پیکیج کے تحت بجلی صارفین کیلئے ہوگی۔