روم (این این آئی)اٹلی نے چین کے ساتھ متنازعہ ون بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں شامل ہونے کی خواہش ظاہرکردی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق بتایا گیا ہے کہ جلد ہی یورپی کونسل کا ایک اجلاس ہونے والا ہے ، جس میں چینی سرمایہ کاری کے موضوع پر بات ہو گی۔اس کے فوری بعد چینی صدر شی جن پنگ اٹلی کا دورہ کریں گے اور اطلاع ہے کہ اس موقع پر ان دونوں ممالک کے مابین مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے ۔امریکا کی جانب سے بھی اطالوی حکومت کے اس اعلان پر حیرت کا اظہار کیا گیا۔ امریکی صدر کے معاون خصوصی گیرٹ مارکیز نے ون بیلٹ اینڈ روڈ(بی آر آئی) کو چین کی جانب سے اپنے بنیادی ڈھانچے کو وسیع کرنے کا ایک منصوبہ قرار دیا ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اس سے کسی کوئی کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔اٹلی سے تعلق رکھنے والی ایک ماہر فرانسسکا مانیتی نے بتایا کہ اطالوی حکومت نے اس منصوبے میں شامل ہونے کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اٹلی کے حکمران اتحاد ابھی تک اس موضوع پر تقسیم ہے ، دونوں جماعتیں بی آر آئی کے حوالے سے دو مختلف موقف رکھتی ہیں۔ اسی وجہ سے فی الحال یہ کہنا بہت ہی مشکل ہے کہ اطالوی حکومت اس دستاویز پر دستخط کر دے گی۔