اسلام آباد(راجہ کاشف اشفاق) وفاقی پولیس میں ایس ایس پی آپریشنز کی تعیناتی پر ایک بار پھر شدید بحران پیدا ہو گیا۔ وفاقی پولیس کے معتبر ذرائع کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن ریٹائرڈ مستنصر فیروز کی جمعرات کے روز بطور ایس ایس پی آپریشنزاسلام آباد تعیناتی التوا کا شکار ہو گئی ہے ۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ایک نہایت اہم وفاقی وزیر کی ذاتی پسند پر تعیناتی روکی گئی ہے جس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے تعیناتی کے احکامات پر پنجاب حکومت مکمل طور پرخاموش ہے اور 24 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی مستنصر فیروز کے تبادلے پر پنجاب حکومت نے انکے چارج چھوڑنے کے تحریری احکامات جاری نہیں کئے ۔اہم وفاقی وزیر کی کیپٹن ریٹائرڈ مستنصر فیروز کی تعیناتی کی شدید مخالفت کے بعد مو جودہ ڈی پی او خانیوال عمر سعید ملک کی بطور ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد تعیناتی کا امکان ہے ۔ واضح رہے کہ رواں برس 3 مرتبہ ایس ایس پی آپریشنز اسلام آبادکی تعیناتی اعلیٰ افسران کی اندرونی چپقلش کا شکار رہی ہے ۔