لاہور(خصوصی نمائندہ،اپنے رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس ، تین گھنٹے طویل اجلاس میں پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ،سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن،بورڈ آف ریونیو،پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی، پی ڈی ایم اے ،صنعت اورزراعت کے محکموں کی کا رکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں لاہورمیں جاری فلاح عامہ کے منصوبوں پربھی غورکیاگیا،وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کی عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا،زبانی جمع خرچ نہیں بلکہ عملی اقدامات کر کے عوام کو سہولتیں فراہم کریں گے ،انہوں نے کہاکہ گزشتہ 10برس کے دوران نمودونمائش کے منصوبوں پر اربوں روپے کے قومی وسائل ضائع کیے گئے اورعوام کی بنیادی ضروریات کو یکسر نظر انداز کر کے مجرمانہ غفلت کی گئی،انہوں نے کہا کہ موسم کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے سیالکوٹ میں جدید ریڈار نصب کیا جائے گا،وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ115نئے اراضی سنٹرز کی تعمیر کا کام 31دسمبر تک مکمل کیا جائے ،نئے اراضی سنٹرز کے فنکشنل ہونے سے روزگار کے مواقع ملیں گے اورعوام کو ریلیف ملے گا،انہوں نے کہاکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں ایمرجنسیزکو اپ گریڈ کیا جائے گا،پہلے مرحلے میں 100ٹی ایچ کیوز ہسپتالوں کی ایمرجنسیز کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سے فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، فلو ر ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کے دوران آٹے کی قیمت نہ بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ آٹے کی قلت ہو گی نہ قیمت میں اضافہ کریں گے ،آٹے کی قیمت نہ بڑھنے سے روٹی کے نرخ بھی نہیں بڑھیں گے ،فلو ر ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے ٹیکس کا مسئلہ حل کرانے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا،اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ فلو ر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے آٹے کے نرخ نہ بڑھانے کا فیصلہ خوش آئند ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے کوٹ عبدالمالک اور کاہنہ میں چھتیں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اورساہیوال کے علاقے قطب شہانہ کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔بعدازاں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کمشنر لاہور ڈویژن آصف بلال لودھی کی نکاسی آب کے حوالے سے کارکردگی کو سراہا۔ اس مد میں وزیر اعلیٰ آفس کی طرف سے کمشنر کو تعریفی لیٹر جاری کیا گیا۔ جس میں کمشنر کے ساتھ ضلعی انتظامیہ ، واسا اور دیگر اداروں کو بھی شاباش دی گئی ۔