اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہئے ،وزیر اعظم بھی اس معاملے پر امریکی صدر سے بات کر چکے ہیں، مہنگائی اور افراط زر پر قابو پانے کیلئے محنت کی ضرورت ہے ۔ایوان صنعت و تجارت اسلام آبادکے زیر اہتمام تقریب میں ملک بھر کے ایوان صنعت وتجارت کے صدور سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پائے بغیر شرح سود کو کم نہیں کیا جا سکتا۔سٹیٹ بینک کے اعداد وشمار کے مطابق فروری میں مہنگائی اور شرح سود میں کمی کا امکان ہے ۔ وزیر اعظم مہنگائی میں کمی کیلئے ہر ہفتے اجلاس منعقد کرنیکا اراداہ رکھتے ہیں۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو فروغ دینے کی بھی ضرورت ہے ۔ حکومت اس حوالے سے موثر اقدامات کررہی ہے ۔کاروباری تنظیموں کو کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کردار ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کاروبار میں آسانی پیداکرنے کیلئے کئی اقدامات کئے ، متبادل توانائی کے منصوبوں سے سستی بجلی کی حصول یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔ عارف علوی نے کہا کہ ملک میں سیاحتی شعبہ میں وسیع مواقع موجود ہیں۔ کاروباری برادری اس شعبہ میں سرمایہ کاری کرے ۔ زرعی شعبہ میں بہتری کیلئے سیڈ ایکٹ جلد لایا جائے گا۔