اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، نیوزایجنسیاں ) لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا ایک اور جوان شہید ہوگیا۔ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفورنے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے بٹل سیکٹر میں بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ سے قوم کا بہادر بیٹا سپاہی محمد شیراز اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کر گیا۔بھارتی فوج نے جمعہ کی صبح سات بجے سے دن گیارہ بجے تک وادی لیپا کے دیہاتوں بٹلیاں،نوکوٹ،قیصر کوٹ ،لب گراں ،سعد پورہ اور موجی پر چھوٹے بڑے ہتھیاروں سے فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجہ میں داؤد نامی شہری زخمی ہو گیاجسے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔بھارتی گولہ باری سے کئی مکان جزوی طور پر تباہ ہو گئے ۔ پاک فوج نے دشمن کی بلااشتعال گولہ باری کا موثر جواب دیتے ہوئے بھارتی گنوں کو خاموش کرا دیا ۔دریں اثناء پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے لیپا اور بٹل سیکٹر پر بھارتی فائرنگ سے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا۔دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق ڈی جی سائوتھ ایشا و سارک ڈاکٹر فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے بھارتی فوج کی جانب ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی اور بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا۔بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو پاکستان کی جانب سے ایک مراسلہ بھی دیا گیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی افواج لائن آف کنٹرول پر تسلسل سے شہری آبادی کو بھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہی ہیں، جمعہ کو بھی بھارتی افواج نے ایل او سی کے بٹل سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی، بھارتی فائرنگ سے پاک فوج کے ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا۔ اس طرح گزشتہ دو روز کے دوران شہید جوانوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے ۔مراسلے میں تنبیہ کی گئی ہے کہ بھارتی کی طرف سے 2017 سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے اور اس دوران بھارت کی جانب سے ایک ہزار 970 بار سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔ بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے ۔پاکستان نے بھارت پر 2003 کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرنے کا زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنی افواج کو جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کرے ۔ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر امن برقرار رکھے اور اقوام متحدہ کے امن مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کردار ادا کرنے دے ۔واضح رہے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کر رہی ہے جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے ہیں جبکہ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کے 5 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ متعدد بھارتی بنکر اور چوکیاں بھی تباہ ہوگئیں۔