اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر ) عوامی مشکلات و مسائل کے تیزی سے ازالے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے قائم کیے گئے پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کی اندرون اور بیرون ملک بڑھتی ہوئی مقبولیت 5 ماہ میں8لاکھ 42 ہزار افراد نے اس سلسلے میں متعارف کرائے گئے ایپلی کیشن کو ڈاؤن لوڈ کیا،جن میں7لاکھ 61 ہزار پاکستانی ، 77 ہزار اوورسیز پاکستانیز اور 3 ہزار غیر ملکی شامل ہیں۔یہ بات یہاں وزیراعظم آفس میں وزیر اعظم پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کے ڈپٹی سیکرٹری عادل سلیم صافی نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ وزیر اعظم کے معاونین خصوصی افتخادرانی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ عادل سلیم صافی نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے وزیر اعظم پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کے دائرہ کار کو پھیلادیاہے اوراس یونٹ کو عوامی مسائل کے حل کیلئے ایک اچھا فورم بنا دیا گیاہے کیونکہ اس میں جواب دہی کا ایک نظام موجود ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ یونٹ کوئی پیسہ خرچ کیے بغیر قائم کیا گیا ، اس کیلئے کوئی نئی بھرتی نہیں کی گئی ، وزیراعظم آفس کے عملہ 18 اہلکاروں کاچناؤ کیا گیا ،سافٹ وئیر بھی مفت تیارکیا گیا۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاونین خصوصی افتخار درانی نے کہا کہ پی ایم ڈی یوپر شہریوں کا ردعمل انتہائی حوصلہ افزا ہے اور اکثریت نے اس پر اپنے اطمینان کا اظہارکیاہے ۔