کراچی (سٹاف رپورٹر، صباح نیوز، اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی سپر پاور ہمیں بائی پاس نہیں کرسکتی،ہمیں گڈ اور بیڈ کا پتہ ہے ، اے پی ایس کے بچوں کو قتل کرنے والوں کا کیس الگ ہے ،جنہوں نے ہتھیار ڈال دئیے ہیں ان سے لڑائی نہیں کریں گے ،افغان صورت حال پر پاکستان اور امریکی وزرا خارجہ رابطے میں ہیں۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشیداحمد نے کہا عالمی منظر نامہ بدلنے جارہا ہے ۔اگر بھارت بھی کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے فیصلے سے پیچھے ہٹ جائے تو بھارت سے بھی کشمیر سمیت تمام مسائل پر بات چیت کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹی ٹی پی کے بعض گروپوں سے اعلیٰ سطح پر بات چیت ہورہی ہے اور جولوگ ہتھیار پھینک دیں ان سے لڑنا جائز نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسی ہفتے چیئرمین نیب کے تقرر کا فیصلہ ہوجائے گا۔(ن)لیگ کنویں کی مینڈک ہے ، پیپلزپارٹی سمجھوتہ ایکسپریس پر چڑھی ہوئی ہے ۔ ن لیگ والے بھی چڑھیں گے ۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے بوہرہ جماعت کے روحانی پیشوا مفضل سیدنا سیف الدین سے ملاقات کی اورانہیں رولپنڈی کے دورے کی دعوت دی ہے ۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی میر شکیل الرحمن کے گھر گئے ،انکی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحومہ کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ انہوں نے میرشکیل الرحمن، میر ابراہیم اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ دکھ کااظہارکیا۔