کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کوبھی شدید مندی کا رجحان برقرار رہا ، کے ایس ای 100 انڈیکس 29700، 29600اور29500پوائنٹس کی3حدوں گرکرسوا 4سال کی کم ترین سطح پرآگیا، سرمایہ کاروں کو 29 ارب 73کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا ۔ کاروباری حجم گذشتہ روزکی نسبت29.96فیصدکم جبکہ52.95فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔حکومتی مالیاتی اداروں ، مقامی بروکریج ہاؤس سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے سیمنٹ،توانائی،ٹیلی کام، بینکنگ ،فوڈزاور دیگرمنافع بخش سیکٹر کی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کے نتیجے میں جمعہ کو کاروبار کا آغازمثبت زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس کی 30000کی حد بھی بحال ہوگئی،تاہم کشمیر کے حوالے سے پاک بھارت کشیدگی،اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاری،فروخت کے دباؤ اورپرافٹ ٹیکنگ کے سبب مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظرآئے اور اپنے حصص فروخت کرنے کوترجیح دی جس کے نتیجے میں مارکیٹ سے تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اوردوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس 29333 پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی ریکارڈ کیاگیاتاہم بعدازاں غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش سیکٹرکی نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پرخریداری کی گئی جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں ریکوری آئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس کی 29400کی حدبحال ہوگئی تاہم اتارچڑھاؤ کا سلسلہ سارادن جاری رہا۔ مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس308.91پوائنٹس کمی سے 29429.07 پوائنٹس پر بندہوا۔کے ایس ای 30 انڈیکس 200.74 پوائنٹس کمی سے 13793.17پوائنٹس،کے ایم آئی 30 انڈیکس 682.58پوائنٹس کمی سے 46356.43 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 104.09 پوائنٹس کمی سے 21767.69پوائنٹس پربندہوا ۔گزشتہ روزمجموعی طور پر 321کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 170 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ، 134 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ17کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت 29 ارب 73 کروڑ 89لاکھ17ہزار693روپے کی کمی سے گھٹ کر 60 کھرب 20 ارب 15 کروڑ 2 لاکھ 69 ہزار 138روپے ہوگئی۔جمعہ کو 7 کروڑ 64 لاکھ 10 ہزار 570 شیئرز کا کاروبار ہوا، جوجمعرات کی نسبت 3 کروڑ 26 لاکھ 87 ہزار50شیئرزکم ہیں۔ نیسلے پاکستان کے حصص کی قیمت 287 روپے اضافے سے 6300روپے اورایبٹ لیبارٹری کے حصص کی قیمت8.52روپے اضافے سے 363روپے پر بند ہوئی۔ ماڑی پٹرولیم کے حصص کی قیمت 19.87 روپے کمی سے 852.17 اور خیبرٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت19.54روپے کمی سے 371.43 روپے ہوگئی ۔میپل لیف کی سرگرمیاں 77 لاکھ 62 ہزار 500شیئرز کیساتھ سرفہرست رہیں،جس کے شیئرزکی قیمت 64 پیسے اضافے سے 18.04روپے اور اینگرو پولیمر کی سرگرمیاں 50 لاکھ 67 ہزار 500 شیئرز کیساتھ دوسرے نمبر پر رہی،جس کے شیئرزکی قیمت 56 پیسے کمی سے 21.73روپے ہوگئی۔