کراچی (کامرس رپورٹر)بازار حصص میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو مندی چھائی رہی اور حصص کی فروخت کا دباؤ بڑھنے کے باعث کے ایس ای100انڈیکس 390.78پوائنٹس کی کمی سے 36901.69پوائنٹس کی سطح پر آگیا جب کہ74.42فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی ، مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں77کروڑ16لاکھ 19ہزار روپے سے زائدکی کمی ہوئی۔اور کاروباری حجم بھی جمعہ کی نسبت28.97فیصدکم رہا۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پرکے ایس ای100انڈیکس37479پوائنٹس کی بلند سطح پرپہنچ گیا تاہم بعد ازاں منافع حاصل کرنے کی غرض سے حصص فروخت شروع ہونے کے باعث مندی چھا گئی۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 390.78پوائنٹس کی کمی سے 36901.69پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 195.80پوائنٹس کی کمی سے 17543.57 پوائنٹس، کے ایم آئی30انڈیکس 651.49پوائنٹس کمی سے 60292.91پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 261.62پوائنٹس کی کمی سے 26967.59 پوائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روز305کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 62کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،227کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ16کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں77کروڑ16لاکھ 19ہزار روپے سے زائدکی کمی ہوئی ، سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر74کھرب92 ارب17 کروڑ66لاکھ روپے ہوگئی۔ پیر کو 12کروڑ59لاکھ 64ہزار شیئرز کا کاروبار ہو اجو جمعہ کی نسبت 5کروڑ13 لاکھ91ہزارشیئرز کم ہیں۔