لاہور(خبرنگارخصوصی) روسی سفارتخانے کے تجارتی نمائندے یوری کوزلوف نے لاہور چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر فہیم الرحمن سہگل میں کہا ہے کہ روس اور پاکستان کی تاجر برادری کو بی ٹو بی روابط اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے ایک دوسرے کے مواقعوں سے بھرپور فائدہ اُٹھانا چاہیے ۔اس موقع پر لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین میاں زاہد جاوید اور عاقب آصف بھی موجود تھے ۔ یوری کوزلوف نے کہا کہ باہمی تجارت کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ منصوبہ سازی سمیت ٹھوس اقدامات اٹھائیں، تھوڑی سی کوشش کرکے بڑے نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ خوش آئند ہے مگر مزید اضافے کے لیے کوششیں تیز کرنا ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ 2017 میں ، دوطرفہ تجارت کا حجم 442 ملین ڈالر تھا جو 2018 میں بڑھ کر 532 ملین ڈالر ہوگیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات معیار کے حوالے سے بہترین اور نسبتا سستی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس پاکستانی مصنوعات کو اپنی منڈی میں رسائی کے لیے سہولیات دے۔