بہاولپور (ڈسٹرکٹ رپورٹر)امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب وسابق پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر کی نماز جنازہ مرکزی عید گاہ میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ ڈاکٹر سید وسیم اختر کے بیٹے عمر عبدالرحمن نے پڑھائی، نماز جنازہ میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، صوبائی وزیر بلدیات محمود الرشید، صوبائی وزیر خوراک سمیع اﷲ چودھری اور ایم این اے ملک فاروق اعظم، رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر محمد افضل،قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، مرکزی جنرل سیکرٹری امیرالعظیم،سابق وفاقی وزیر تعلیم میاں محمد بلیغ الرحمن،سابق صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی اظہر اقبال حسن،سیاسی کارکنوں،ڈاکٹرز،وکلائ،تاجر،صحافیوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔نماز جنازہ کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔ کارکنان دھاڑے مار مار کر روتے رہے ، ڈاکٹر سید وسیم اختر کی نماز جنازہ کے ساتھ تین اور جنازوں کی بھی مشترکہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔نماز جنازہ کے بعد مرحوم کو رشیدیہ قبرستان ماڈل ٹاؤن اے میں سپرد خاک کردیا گیا۔