فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے بجلی بل کے تنازع پر فیصل آباد سمیت ملک بھر میں تمام ملیں بند کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے پاکستان بھر کی ٹیکسٹائل ملوں کو 12 ماہ کے بجلی بقایا جات بل یکمشت بھجوا دیئے جسے اپٹما نے مسترد کرتے ہوئے ملیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔ اس حوالے سے اپٹما نے حکومت کو خط بھی لکھا ہے جس میں بجلی کے بک یکمشت بھجوانے کے فیصلہ کو غلط قرار دیا گیا۔ اپٹما کا کہنا ہے کہ ایک طرف حکومت برآمدات بڑھانے کے لئے کہہ رہی ہے اور دوسری طرف صنعتی اداروں کو مشکلات صورت حال سے دوچار کیا جارہا ہے ۔ اگر حکومت نے فیصلہ واپس نہ لیا تو ملوں کی بندش سے پنجاب میں ہی دس لاکھ مزدور بے روزگار ہوجائیں گے ۔ اپٹما نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ موجودہ صورت حال کا نوٹس لیں اور ٹیکسٹائل کی صنعت کو درپیش مسائل کو حل کریں تاکہ ایکسپورٹ بڑھ سکے اور ملکی معیشت مضبوط ہوسکے ۔