لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے 92 نیوزکے پروگرام’’ ہو کیا رہا ہے ‘‘ میں کہاکہ 48 گھنٹوں میں براڈشیٹ کے مزید انکشافات عوام کے سامنے لائیں گے ۔ اوورسیز پاکستانی پاکستان سے محبت کرتے ہیں ہمارا کوئی پاپڑ والا ہے نہ دہی بھلے والا ،ہم الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہم تو فنڈنگ کرنے والے 40ہزارلوگوں کی تفصیلات دے رہے ہیں۔ ن لیگ کو این آراو لینے کی عادت ہوگئی ہے یہ چاہتے ہیں کہ ہر چیز میں انہیں این آراومل جائے ،میرا چیلنج ہے کہ یہ چارسو بندوں کے نام بتادیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹرمصدق ملک نے کہاکہ یہ خود دھرنا دیں اورطاہرالقادری کے مدارس کے بچے آئیں تو ٹھیک لیکن دوسروں پر ان کو اعتراض ہوتا ہے ۔اگر ہمارے دھرنے میں وزیر داخلہ شیخ رشید آئیں گے تو ہم انہیں چائے پلا دیں گے اور پیز ا بھی کھلائیں گے ۔ حکومت کیسے معلوم کرے گی کہ کون سے مدرسے کے بچے آئے ہیں۔شیخ ر شید وہاں کرسی رکھ کربیٹھ جائے اور آنے والوں کے شناختی کارڈ چیک کرے ۔ سعدیہ عباسی اورہارون اخترکے خلاف تو فوری فیصلہ آجاتا ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ انصاف ہوناچاہئے ۔ تجزیہ کار عارف نظامی نے کہاکہ فارن فنڈنگ کے معاملے کو خود پی ٹی آئی نے لٹکایا لیکن اب انہوں نے موقف میں تبدیلی کی کہ انہوں نے ساری تفصیلات جمع کرادی ہیں۔عوام نے عمران خان کواس لئے وو ٹ دیا تھا کہ وہ دوسری جماعتوں کے برعکس انکے مسائل کو حل کرینگے لیکن دعوئوں کے برعکس عمران خان نے کام کیا۔سیاسی جماعتوں کو نظریات ا پوزیشن میں ہوتے ہوئے یاد آتے ہیں لیکن حکومت میں یہ سب کچھ بھو ل جاتے ہیں۔