اسلام آباد(اظہر جتوئی)یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن میں حکومتی لیبر پالیسی کی خلاف ورز ی کا انکشاف ہوا ہے ،یوٹیلٹی سٹورز حکام نے لیبر لاز پر عمل کرنے کے بجائے ایسے ملازمین کو راشن پر ٹرخانے کا منصوبہ بنا لیا۔اور یومیہ اجرتی ملازمین کیلئے کم از کم تنخواہ 17500 دینے سے انکار کر دیا،زرائع کے مطابق اس وقت یو ایس سی میں 3276 ملازمین یومیہ اجرت کی بنیاد پر کام کر رہے ہیں،ان ملازمین کو یومیہ اجرت پر 2008 سے وقتا ًفوقتا ًخدمات حاصل کی گئی ہیں،ان ملازمین کو مستقل بھی ابھی تک نہیں کیا گیا۔وزارت صنعت و پیداوار کے دستاویزات میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ یومیہ اجرتی ملازمین کو حکومت کے اعلان کردہ کم از کم تنخواہ 17500 روپے ماہانہ ادا نہیں کی جا رہی ہے ،تاہم یومیہ اجرتی ملازمین کی یومیہ اجرت میں اضافہ کا معاملہ یو ایس سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سامنے رکھا گیا۔دستاویزات کے مطابق ،بورڈ نے کم تنخواہ والے عملہ کو لیبر لاز کے تحت کم از کم اجرت دینے کے بجائے راشن پیکج شروع کرنے کی تجویز دیدی، اور ان کو ایک یا دو ہزار روہے مالیت کا خوراک کا راشن بلامعاوضہ دینے کی سفارش کر دی،،اس پالیسی کو مشیر اور وزیر اعظم سے منظوری کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس حوالے سے جب یوٹیلٹی سٹورز کے حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ ملازمین کو کم از کم ماہانہ تنخواہ 17500 سے کم دی جا رہی ہے ۔