لاہور( پ ر )سینئر انسٹرکٹر گیسٹرو انٹرولوجی , شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال ڈاکٹرشفقت محمود نے کہا ہے کہ بروقت علاج سے ہیپا ٹائیٹس کا مرض مکمل طور پر ختم ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2018میں اس دن کے لیے ایک خاص تھیم کا اجراء کیا گیا ہیجو کہ ''Test۔ Treat۔ Hepatitas" ہے ۔ پاکستان بھر میں وائرل ہیپا ٹائیٹس تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ ہیپا ٹائیٹس کی مختلف اقسام ہیں جن میں سے ہیپا ٹائیٹسA اورE آلودہ پانی کے استعمال سے پھیلتا ہے ، ہیپا ٹائیٹس کی یہ قسم خود کار طریقے سے ٹھیک بھی ہو جاتی ہے ۔ پا ٹائیٹس کی دو اور اقسام ہیپا ٹائیٹس BاورCانتقال خون سے پھیلتی ہیں ۔ہیپا ٹائیٹس کی یہ اقسام دنیا بھر میں صحتِ عامہ کے ایک بہت بڑے مسئلے کے طور پر ابھریں ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں یہ مرض اموات کی دس بڑی وجوہات میں سے ایک ہے ۔ اور صرف اسی ایک مرض سے تقریباً دس لاکھ 34ہزار افراد لقمۂ اجل بن جاتے ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO) کی رپورٹ کے مطابق ، پاکستان دنیا بھر میں ہیپا ٹائیٹسC پھیلنے کی شرح میں دوسرے نمبر پر ہے ۔ تقریباً ایک کروڑ 20لاکھ افراد اس مرض میں مبتلا ہیں جو کہ ایک انتہائی خطرناک صورتحال ہے ۔ اس مرض کو " خاموش قاتل " بھی کہا جاتا ہے ۔