اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍92نیوزرپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ’صاحبہ‘ کہنے پر ذومعنی انداز میں غلطی کا اعتراف کر لیا ۔گزشتہ روز اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب میں عمران خان نے معنی خیز انداز میں ’ بلاول بھٹو صاحب کہا ، ’ صاحب‘ پر خصوصی زور دیا اور مسکراتے ہوئے وضاحت کی کہ غلطی ہوجاتی ہے کبھی کبھی۔علاوہ ازیں تحریک انصاف کے 23ویں یوم تاسیس کے موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے ۔گلوکار عطااﷲ عیسی خیلوی وہیل چیئر پر آئے اور نغمہ پیش کیا۔ عمران خان خصوصی طور پر اٹھ کر عطا اﷲ عیسیٰ خیلوی کے پاس آئے تو انہوں نے عمران خان کا ہاتھ چوم لیا۔کارکنوں کی جانب سے ’’وزیراعظم عمران خان ‘‘کے نعروں پر عمران خان نے کہا بس، بس! وزیراعظم بن گیا ہوں۔کارکنوں نے اپوزیشن کی ممکنہ احتجاجی تحریک کے خلاف وزیراعظم کامکمل ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ کارکنوں کی دھکم پیل کی وجہ سے کنونشن سینٹر کے شیشے ٹوٹ گے ۔