لاہور (رانا محمد عظیم )بلاول بھٹو کی جانب سے قائد ن لیگ نوازشریف اورصدر ن لیگ شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بنانے پراہم لیگی رہنما پیپلز پارٹی سے شدید نالاں ہوگئے جبکہ شریف خاندان نے بھی سخت ناراضگی کا اظہار کر دیا ۔ شریف خاندان کے قریبی حلقوں اور نوازشریف کے قریب ترین ساتھی جو پیپلزپا رٹی کے ساتھ حکومت کے خلاف اتحاد کیلئے کوششیں کر رہے تھے ، نے آ صف علی زرداری تک ناراضگی کاپیغام پہنچا دیا ہے ۔ با وثوق ذرائع کے مطابق ن لیگ کے تھنک ٹینک نے بلاول بھٹو کی سخت تنقید پر واضح طور پر کہہ دیا کہ اب پیپلز پارٹی کے ساتھ بھی صرف ایک حد تک تعلق رکھا جائے اور اس کی کسی بھی تجویز کی حمایت نہ کی جائے ،ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پیپلزپا رٹی اور ن لیگ کے در میان بلاول بھٹوکے تنقیدی بیان سے پہلے ہی دوریاں پیدا ہو رہی تھیں۔ بلاول بھٹو کے بیان کے بعد مزید دوریاں بڑھ گئی ہیں اور حکومت کے خلاف اپوزیشن اتحاد مزید توڑ پھوڑ کا شکار ہو گیا ہے ،آ ئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں ن لیگ کی طرف سے پیپلزپا رٹی کے حوالے سے نئی پالیسی سامنے آ جائے گی جس میں اختلافات کھل کر سامنے آ جائیں گے ۔ اہم ذرائع نے تصدیق کی کہ بلاول بھٹو کے بیان کے حوالے سے آ صف زرداری تک شکایت پہنچانے والے اہم رہنما کو کہا گیا ہے کہ فوری ری ایکشن نہ دیں مگر اس ن لیگی رہنما نے صاف انکار کر دیا اور کہا یا تو بلاول تردید کرے یا پھر جواب کیلئے تیار رہے ،بلاول کی اس گفتگو سے مریم اور اس کے قریبی حلقہ بھی سخت نالاں ہیں ۔