کوئٹہ ، لاہور( سٹاف رپورٹر، اپنے رپورٹر سے ) بلوچستان میں بارش نے تباہی مچا دی، ضلع ہرنائی میں طوفانی بارش سے سیلاب آگیا، سروتی حفاظتی بند ٹوٹنے سے تباہی مچ گئی، گھروں، دکانوں اور زرعی زمینوں میں پانی داخل ہونے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوگیا، سینکڑوں گھر، دکانیں منہدم ہوگئیں، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں سیلاب میں بہ گئیں، بلوچستان کے وزیر پی ایچ اے حاجی نور محمد خان دمڑ نے بتایا سروتی حفاظتی بند چند سال قبل ٹوٹ گیا تھا اور بڑا نقصان ہوا تھا، آج ہرنائی کے عوام کو بڑا نقصان ہوا ہے ، حکومت اور ڈونر ایجنسیوں سے اپیل کرتا ہوں کھلے آسمان تلے پڑے متاثرین کو امدادی سامان فراہم کیا جائے ، سروتی حفاظتی ٹوٹنے کا پہلے سے خدشہ تھا ، اس کا 60 کروڑ سے پی سی ون تیار کرلیا گیا تھا۔ایف سی ، لیویز ، پولیس ، اور علاقے کے جوانوں کی بروقت مدد سے الحمد اﷲ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بارشیں اور ژالہ باری بھی ہوئی، ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال ہے ۔ رات گئے لاہور کے کئی علاقوں میں موسلادھار اور کئی علاقوں میں بوندا باندی ، ہلکی بارش ہوئی ۔