شیخوپورہ ،اسلام آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر،ایجنسیاں ) کوٹ عبدالمالک میں شدید بارش کے باعث دو منزلہ مکان کی چھت گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر میاں بیوی اورانکے پانچ بچے جاں بحق ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق اسد ٹاؤن شرقپور بازار کوٹ عبدالمالک میں بدقسمت خاندان نیچے کی منزل پر رہائش پذیر تھا ،تمام اہلخانہ سوئے ہوئے تھے کہ رات ایک بجے کے بعد بوسیدہ مکان کی چھت ان پر آ گری جس سے 40سالہ کامران، 35سالہ کوثر بی بی ، 16سالہ مقدس کامران، 13سالہ بسمہ کامران، 10سالہ علیشا کامران، 7سالہ عبداﷲ کامران اور 5سالہ بیت اﷲ کامران موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔ریسکیو 1122 لاہور اور شیخوپورہ کی امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبنے والے افراد کی لاشوں کو نکالا ۔وقوعہ کی اطلا ع پا کر رشتہ دار بھی موقع پر پہنچ گئے جواپنے پیاروں کی نعشوں سے لپٹ لپٹ کر روتے رہے ہر آنکھ اشکباراور علاقہ کی فضاسواگورہی،کامران کے والد پرویز احمد نے بتایا کہ قریبی چھتوں کے پانی اور مسلسل بارش کے نتیجے میں انکے گھر کی چھتیں گر گئیں ،ریسکیو سروس واقعہ کے تقریبا ایک گھنٹہ بعد پہنچی جبکہ متاثرہ خاندان کے پڑوسی اور محلہ دار ملبہ اٹھاتے رہے ۔جب ایک ہی خاندان کے سات جنازے ایک ساتھ اٹھے تو علاقہ میں کہرام مچ گیا جبکہ بدنصیب خاندان کے گھر میں قیامت صغریٰ برپا ہوگئی، ورثا سمیت اہل علاقہ دھاڑیں مار مار کر روتے رہے ۔ تمام افراد کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ،نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ، رکن پنجاب اسمبلی پیر سید اشرف رسول نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی اور شہباز شریف کی طرف سے ورثاء کے ساتھ اظہار تعزیت کی، علاوہ ازیں صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ میاں خالد محمود ، پی ٹی آئی کے صوبائی نائب صدر کنور عمران سعید، ڈپٹی کمشنر سید طارق محمود بخاری، ڈی پی او غازی محمد صلاح الدین، اسسٹنٹ کمشنر زسرمد بشیر ،شبیر حسین بٹ، ایڈمن آفیسر جاوید اقبال چوہان اور دیگر شخصیات نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کے علاوہ متوفیان کے گھر جا کرتعزیت کا اظہار کیا، صوبائی وزیر میاں خالد محمود نے کہا کہ پنجاب حکومت متاثرہ خاندان کی امداد و بحالی کیلئے مالی امداد فراہم کرے گی۔علاوہ ازیں بوٹا پارک میں بھی بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گر گئی جس کے مکین معجزانہ طور پر محفوظ رہے تاہم ایک بچہ معمولی زخمی ہوا ۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )نے حالیہ بارشوں اور موسمی صورتحال سے نقصانات کے نئے اعداد و شمار جاری کر دیے جس کے مطابق 46 افراد جاں بحق اور 39 زخمی ہو گئے ، 182 گھروں کو نقصان پہنچا۔ لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز بھی قلات ،بہاولپور، ہزارہ، کوہاٹ ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش ہوئی، دیگر علاقوں میں بدستور موسم گرم اور مرطوب رہا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور ڈویژن، اسلام آباد ، کشمیر، ڈی جی خان، ملتان اور ساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے ۔ملک کے مختلف مقامات پر گزشتہ روزریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت نوکنڈی 47، سبی 45، دالبندین اور شہید بے نظیر آباد میں 44 ،لاہور میں 32 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آج شہر میں آندھی آنے اور بارش کا بھی امکان ہے ۔