لاہور(سپیشل رپورٹر)آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نوازخان نے کہا ہے کہ بچوں کی گمشدگی اور زیادتی کے واقعات میں پولیس ایکشن میں تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں ایسے واقعات میں آر پی اوز ، ڈی پی اوز خود موقع پر پہنچیں اور ملزمان کے خلاف سخت قانونی کاروائی میں قطعی تاخیر نہ برتی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں آر پی اوز، ڈی پی اوزکی ویڈیو لنک کانفرنس میں افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ احکامات کی تعمیل میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے افسران خود کو محکمانہ کاروائی کیلئے تیار رکھیں۔ تمام اضلاع کے شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ کچی آبادیوں میں سرچ ، سویپ ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے اور کرایہ داری ایکٹ کے خلاف ورزی پر مالک مکان اور کرایہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق فوری کاروائی کی جائے ، جمعتہ الوداع کی سکیورٹی انتظامات کو مد نظر رکھا جائے ۔