اسلام آباد (سپیشل رپورٹر، وقائع نگار) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ڈومیسائل قوانین میں ترمیم کے ذریعے ، آبادیاتی تناسب کی تبدیلی کا قدم ،اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارتِ خارجہ میں سابقہ خارجہ سیکرٹریز کا مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کورونا وبا کی صورتحال اور اس کے معاشی مضمرات، مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ ء خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا عالمی وبائی چیلنج نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں پر اس وبا کے اثرات انتہائی شدید نوعیت کے ہیں، معاشی مضمرات سے نمٹنے اور ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو سہارا دینے کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی ڈیٹ ایلیف تجویز کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے ،آج مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80 لاکھ نہتے شہریوں کو کرفیو کے نام پر بھارتی استبداد کا سامنا کرتے دس ماہ گزر چکے ہیں -شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا وبا کے بعد مظلوم کشمیری دوہرا لاک ڈاؤن بھگت رہے ہیں،بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ہیں، معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ، ہندوستان دانستہ طور پر خطے کا امن و امان تہہ و بالا کرنا چاہتا ہے ، عالمی برادری کو ہندوستان کے اس جارحانہ رویے کا فوری نوٹس لینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اور صدر سیکورٹی کونسل کو بذریعہ خط ہندوستان کے ان عزائم سے آگاہ کر دیا ہے ۔وزیر خارجہ نے سابقہ خارجہ سیکریٹریز کو، صدر سیکورٹی کونسل کو لکھے گئے ،اپنے حالیہ خط کے مندرجات سے آگاہ کیا۔ دوران اجلاس، افغان امن عمل ،خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت اہم خارجہ پالیسی امور پر، مشاورت کی گئی۔وزیر خارجہ نے ، خارجہ پالیسی ترجیحات کے حوالے سے سابقہ خارجہ سیکریٹریز کی گراں قدر تجاویز پر، ان کا شکریہ ادا کیا۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ سے حال ہی میں تعینات ہونیوالے ، پاکستان کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق نے ملاقات کی، افغان امن عمل سمیت خطے کے امن و استحکام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغانستان میں دیرپا امن و استحکام پورے خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر ہے ، پاکستان نے ، مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے ، خلوص نیت کے ساتھ افغان امن عمل میں مصالحانہ کردار ادا کیا جسے آج دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے ۔وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان، خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتا رہے گا۔وزیر خارجہ نے ایمبیسڈر محمد صادق کو خصوصی ایلچی برائے افغانستان تقرری پر مبارکباد اور خصوصی ہدایات دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آپ جیسے وسیع تجربہ کے حامل سفارت کار کی اس اہم منصب پر تعیناتی سے پاک افغان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔