کراچی (نیٹ نیوز ) انسانی حقوق کی نگرانی کرنے والی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک مرتبہ پھر بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین اور معیارات کے مطابق سلوک کیا جائے ۔جس میں سیاسی مخالفین کی گرفتاریاں، آزادی سے رہنے اور آزادانہ نقل و حمل کا حق بھی شامل ہے ۔اپنے بیان میں عالمی تنظیم کے سیکرٹری جنرل کومی نائیڈو نے کہا کہ کئی عشروں میں پہلی مرتبہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے مسئلہ کشمیر پر بات کی ہے ۔ سلامتی کونسل کے اراکین کو یہ یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ ان کے پاس بین الاقوامی امن اور سلامتی کو محفوظ رکھنے کی ذمہ داری ہے ۔اس کے ساتھ ان ممالک کو یہ صورتحال اس طریقے سے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے کہ مشکلات کا شکار خطے کے عوام کے انسانی حقوق کو مرکزی حیثیت حاصل رہے ۔انہوں نے کہا بھارتی حکومت کے اقدامات نے عام عوام کی زندگیاں مشکل میں ڈال دی ہیں اور سالوں سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں سہنے والوں کو مزید غیر ضروری تکلیف اور پریشانی کا سامنا ہے ۔ سیاسی بحران میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو مہروں کی طرح استعمال نہیں کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کے احترام کیلئے سب کو اکٹھا ہونا چاہیے ۔