لاہور(نمائندہ خصوصی سے )بابا گورو نانک دیو جی کے 550ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سے آئے سکھ یاتریوں کا پہلا جتھہ واہگہ بارڈر کے راستے پیدل بھارت چلا گیا ۔پاکستان سے ملنے والی محبت اور خلوص کو ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔کرتار پور راہداری،گورو نانک یونیورسٹی جنم دن کا سب سے بڑا تحفہ ہے ۔ سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیر نے چیئرمین بورڈ کی طرف سے یاتریوں کو خصوصی تحائف اور گلدستے دیکر الوداع کیا۔ اس موقع پر پردھان سردار ستونت سنگھ ، ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل ،پی آر او عامر حسین ہاشمی ،سردار امیر سنگھ و دیگر موجود تھے ۔شرومنی گور دوارہ پر بندھک کمیٹی دہلی کے پارٹی لیڈر سردار گر ومیت سنگھ نے حکومت پاکستان اور ٹرسٹ بورڈ کی جانب سے اعلی انتظامات اور عزت افزائی پر خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا میزبانی میں پاکستان اور مسلمان اپنی مثال آپ ہیں ،ہم اپنے گورو کی اس دھرتی کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا گو ہیں ،دہلی گورو دوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے پارٹی لیڈر سردارسروجیت سنگھ ورک نے کہا بابا گورو نانک نے جس سکھ مسلم دوستی کی بنیاد رکھی تھی وزیر اعظم عمران خان نے اسے مضبوط اور مستحکم بنیا دیا ہے ۔تاریخ عمران خان کے اقلیتوں کیلئے اقدامات کبھی نہ بھلا پائے گی ۔ڈپٹی پارٹی لیڈر سردار جتندسنگھ نے کہا ہمیں ہماری سوچ سے بڑھ کر عزت و سہولیات دی گئیں ۔سکھ یاتری آنکھوں میں خوشی کے آنسو اور دوبارہ آنے کی امید لیے پاکستان زندہ باد،عمران خان زندہ باد کے نعرے لگاتے واپس لوٹ گئے ۔