اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ پاکستان فرانس کے ساتھ معاشی تعاون بڑھانے کی خواہش رکھتا ہے ۔بھارتی متنازعہ شہریت (ترمیمی) ایکٹ 2019ء کا اعلان سیکولرازم کی بدنامی ہے اور اس نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے ۔پاکستان میں فرانس کے سفیر مارک بریٹی سے گفتگو کرتے ہوئے صدرنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن اور کشمیریوں کی تمام شہری آزادیاں معطل ہیں۔ انہوں نے امیدظاہر کی کہ فرانس کشمیری عوام کے دکھوں کے خاتمے میں کردار ادا کرے گا اوربھارت پر انسانی حقوق کی پامالیاں روکنے پر زور دے گا۔مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سفیر نے کہا کہ فرانس کی واضح پالیسی ہے کہ انسانی حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سنجیدہ عالمی مسئلہ ہے ۔ انہوں نے پاکستانی اور فرانسیسی ماہرین تعلیم کے مابین تعاون کی ضرورت پر زور دیا ۔علاوہ ازیں ایوان صدر میں منعقدہ ، کامسیٹس کی سلور جوبلی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے خطے میں امن ، خوشحالی اور موسمی تغیرات سے نمٹنے کے لیے پائیدار وسائل کا حصول لازم ہے ۔وزارت سائنس وٹیکنالوجی کے زیر اہتمام اس تقریب میں بوسنیا اور ہرزیگوینا، بیلاروس، مصر، فرانس، ہنگری، اردن، قازقستان، کینیا، لیبیا، مراکش کے سفارت خانوں کے علاوہ اسلام آبادمیں سفارتی مشنزسمیت نیپال، نائیجیریا، پرتگال، فلسطین، رومانیہ، سوڈان، سری لنکا، ترکی، ترکمانستان اور یمن کے اعلیٰ عہدے داروں نے شرکت کی۔وفاقی وزیرفواد حسین چودھری نے خطاب میں کہاکہ تعلیم، صحت اورانٹرنیٹ ٹیکنالوجیزکے شعبوں میں کامسیٹس کی کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔