لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما اور ماہر قانون ڈاکٹر بابراعوان نے کہا ہے کہ نیوکلیئر وار گیم کھیلی جارہی ہے لیکن بھارت اس سے آگے بھی جاسکتا ہے کیونکہ بھارتی وزیر دفاع ایسا بیان دے رہاہے لیکن پاکستان کو فکر کرنے کی کوئی بات نہیں ہمارا پاس باجوہ ڈاکٹرائن ہے ۔انہوں نے کہا مغربی ممالک میں ایک فرانس ہے جس نے بھارت کی حمایت کی ہے ، کشمیر میں بہنوں اور بچوں پر ظلم ہورہاہے لیکن کوئی موم بتی مافیا نظر نہیں آرہا، ملالہ یوسف زئی اب کہاں ہے ۔92نیوزکے پروگرام نائٹ ایڈیشن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کشمیریوں کیلئے آواز کیوں نہیں اٹھارہی ایک صاحب ہیں جن کے پاس منسٹرکالونی میں 16 سال تک سرکاری گھررہا ہے اورانہیں تمام تر سہولتیں دستیاب تھیں انہوں نے کشمیر پر کیا کیاوہ اب کہاں ہیں،نیب کے قوانین میں ترمیم کے حوالے سے ا گر تجاویز ہیں تو وہ کابینہ کے فوری بعد اسمبلی میں آئیں گی اگر اسمبلی انہیں پاس کردیتی ہے تو و ہ سینٹ میں جائیں گی۔سابق وزیرخارجہ خورشید محمود قصوری نے کہا کہ جب سے پاکستان بنا ، ہم نے اپنے عوام کو امہ کا بیانیہ دیا ہے ،مناسب تھا کہ جب کشمیر میں اتنا ظلم ہورہاہے تو یو اے ای کو مودی کو ایوارڈ نہیں دینا چاہئے تھا ۔ یو اے ای اورسعودی عرب کو پتہ ہے کہ پاکستان کو ہم پیسے دیتے ہیں ہمیں بھی سوچناچاہئے کہ جب ہم بھیک مانگتے رہیں گے تو پھر ایسا ہی ہوگا، وزیراعظم کے کشمیر کے حوالے سے اقدامات سو فیصد درست ہیں۔تجزیہ کار اویس توحید نے کہا ہے کہ ن لیگ میں قیادت کا بحران ہے کیونکہ نوازشریف جیل میں ہیں پیپلزپارٹی میں آصف زرداری سائیڈ لائن ہوجاتے ہیں تو پھربلاول بھٹو ڈرائیونگ سیٹ پر آئیں گے ۔ جس طرح تحریک انصاف کو ایم کیوایم کی ضرورت ہے اسی طرح ایم کیوایم کو بھی الطاف حسین کی تقریر کے بعد ایک چھتری کی تلاش تھی جوانہیں پی ٹی آئی کی صورت میں ملی۔