اسلام آباد(وقائع نگار، سپیشل رپورٹر) لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 8 سالہ بچہ زخمی ہو گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی کے مطابق بھارت کی دہشتگرد فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی ۔بھارتی فوج نے باروہ سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ رواں سال اب تک بھارتی فوج 2340 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرچکی ہے ۔دریں اثنا پاکستان نے بھارتی سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے 24 ستمبر کو قابض بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) کے بروح سیکٹر میں جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سینئر بھارتی سفارتکار کو احتجاجی مراسلہ دیا گیا اور کہا گیا کہ قابض بھارتی افواج ایل او سی اور ورکنگ باونڈری کی مسلسل خلاف ورزیاں کرتے ہوئے آرٹلری، بھاری اور خودکار ہتھیاروں کے ذریعے عام شہری آبادیوں کو نشانہ بنارہی ہیں۔ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں جس کا نتیجہ اسٹرٹیجک غلطی کی صورت نکل سکتا ہے ۔