لاہور(خبرنگارخصوصی)پاکستان سٹیزن پورٹل (شکایت سیل) پر شکایت موصول ہونے پر پیمرا انفورسمنٹ ٹیم نے لاہور کے نواحی علاقہ بھوبتیاں میں چھاپہ مارا جہاں پر فرقان عباس اورعرفان وغیرہ غیر قانونی کیبل نیٹ ورک پر انڈین چینلز اور انڈین مواد بذریعہ غیر قانونی ڈی ٹی ایچ چلارہے تھے ۔ دوران کارروائی ملزمان فرقان عباس اور عرفان نے 10سے 12افراد کے ساتھ مل کر پیمرا ٹیم پر حملہ کیا ، واقعہ کی اطلاع فوری طور پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اور ایس ایس پی آپریشنز لاہور کو کی گئی جس کے بعد پولیس پارٹی موقع پر پہنچ گئی ، تھانہ چوہنگ میں ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی، پولیس ملزمان کو پکڑنے کے لیے چھاپے مار رہی ہے ۔جی ایم پیمرالاہور اکرام برکت کا کہنا ہے کہ انڈین مواد پر پیمرا نے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے ، بعض شر پسند عناصر اب بھی انڈین مواد دکھا رہے ہیں جن کے خلاف بھرپور کاروائی کی جا رہی ہے ۔