لاہور،پاکپتن (کر ائم رپو رٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ و خاتون اول بشریٰ بی بی کا حضرت بابا فرید الدین گنج شکر ؒکے مزار کا اچانک دورہ پولیس پر بھی بھاری پڑ گیا۔ذرائع کے مطابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے جمعرات کے روز بابا فرید الدین گنج شکر ؒکے مزار پر حاضری دی تھی، حاضری پر آنے سے قبل دربار انتظامیہ کو بھی آگاہ نہیں کیا گیا تھا، بشریٰ بی بی بغیر پروٹوکول دربار آئیں اور حاضری دینے کے بعد خاموشی سے روانہ ہوگئیں، خاتون اول کی دربارآمد کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور پولیس بھی لاعلم رہی۔ذرائع نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر نے انچارج سکیورٹی سمیت 28 پولیس اہلکاروں کے تبادلے کر دیئے ،3شفٹوں پر مامورڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے ایک انسپکٹر 4 اے ایس آئی، 8 لیڈی کانسٹیبل اور 14 پولیس اہلکاروں سمیت 28 پولیس ملازمین کے تبادلے کر دیئے ۔یادر رہے خاتون اول بشریٰ بیگم کو پروٹوکول نہ ملنے پر دربار اوقاف کا ایڈمنسٹریٹر منیجر سمیت تمام 35 ملازمین کو ضلع بدر کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے ۔