نئی دہلی(این این آئی)بھارت کی نیشنل کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ، شرد پوار نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) فلم’’ کشمیر فائلز ‘‘کے ذریعے نفرت پھیلا رہی ہے ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق شرد پوار نے پارٹی کنونشن سے خطاب میں کہاکہ ’’کشمیر فائلز‘ ‘ میں وادی کشمیر سے کشمیری پنڈتوں کی منتقلی کے بارے میں جھوٹا پروپیگنڈا کرکے ملک میں زہریلا ماحول پیدا کیا جا ر ہا۔ ایسی فلم کو نمائش کیلئے کلیئر نہیں کیا جانا چاہئے تھا لیکن اسے ٹیکس میں رعایت دی گئی ، وہ لوگ جن پر ملک کو متحد رکھنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے وہ عوام کو فلم دیکھنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ یہ درست ہے کہ کشمیری پنڈتوں کو وادی چھوڑنا پڑی لیکن مسلمانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ جب وی پی سنگھ وزیر اعظم تھے تو کشمیری پنڈتوں کو وادی چھوڑنی پڑی تھی۔ وی پی سنگھ حکومت کو اس وقت بی جے پی کی حمایت حاصل تھی اور جگموہن جنہوں نے بعد میں دہلی سے لوک سبھا کا انتخاب بی جے پی کے امیدوار کے طور پر لڑا تھا جموں و کشمیر کے گورنر تھے ۔ جموں و کشمیر کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ فاروق عبداﷲ نے جگموہن کیساتھ اختلافات کے بعد استعفیٰ دیدیا تھا اور یہ گورنرجگموہن ہی تھے جنہوں نے کشمیری پنڈتوں کو وادی سے باہر جانے میں سہولت فراہم کی تھی۔