اسلام آباد(اظہر جتوئی)ملک بھر کے تمام ائیر پورٹس پر ہفتہ کے روز ائیر کارگو شیڈ کی بندش سے سامان کی درآمد و برآمد ر ک گئی،جس سے ریونیو کی مد میں کروڑوں روپے کے نقصان کا انکشاف ہوا ہے ، اس کے علاوہ کارگو شیڈ کی بندش سے زندگی بچانے والی ادویات سمیت دیگر اہم اشیا کی درآمد میں تاخیر ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے ،ایف بی آر نے ملک کو درآمد و برآمد کی مد میں کروڑوں کے ریونیو کے نقصان سے بچانے کیلئے ایوی ایشن ڈویژن سے ہفتہ کو ائیر کارگو شیڈ کھولنے کا مطالبہ کر دیا۔روزنامہ 92 نیوز کو دستیاب ڈاکومنٹس کے مطابق ممبر کسٹم ایف بی آر طارق ہدیٰ نے سیکرٹری ایوی ایشن کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کارگو کی درآمد اور برآمد کیلئے تمام سمندری پورٹس اور ٹرمینلز ڈرائی پورٹس ہفتہ کو کھلے ہوتے ہیں، کسٹمز کے دفاتر بھی مختلف سامان کی درآمد اور برآمد کیلئے کھلے ہوتے ہیں،ہمارے نوٹس میں یہ بات آئی ہے کہ ملک بھر کے تمام ائیر پورٹس پر کارگو شیڈ ہفتہ کے روز بند ہوتے ہیں،کورونا کی وبا کے پیش نظر زندگی بچانے والی ادویات سمیت دیگر ضروری ادویات کی برق رفتار سپلائی ائیر کارگو کے ذریعے ہوتی ہے ،ایئر کارگو شیڈ ز کی ہفتہ کو بندش سے نہ صرف ریونیو کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ عوام کو ادویات سمیت دیگر ضروری اشیا کی دستیابی بھی ٹائم پر نہیں ہوتی ہے ۔خط میں کہا گیا ہے ایوی ایشن ڈویژن ائیر فرائٹ یونٹس کے کارگو شیڈ کو کراچی، اسلام آباد، لاہورسمیت دیگر علاقوں میں ہفتہ کے روز بھی کھولے تاکہ ملک بھر کے عوام کو فوری طور پر اشیا کی دستیابی ممکن بنائی جائے اور ریونیو نقصان سے بھی بچایا جائے ۔