لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے میں یقین دلاتا ہوں انڈسٹری کے تاجروں کے تمام جائز مطالبات منظور کرینگے ۔پروگرام92ایٹ 8 میں اینکرپرسن سعدیہ افضال سے گفتگو میں انہوں نے کہابزنس کمیونٹی کو ہر حکومت میں ایشوز کا سامنا رہتا ہے ،پھر حکومت کے ساتھ بیٹھ کر ایشوز کو حل کر لیا جاتا ہے ،اگر شبر زیدی تاجروں کے ساتھ معاہدے کررہے تھے تو وہ حکومت کے نمائندے تھے اور حکومت ان معاہدوں کو پورا کرے گی،مجھے امید ہے شبر زیدی واپس آئینگے ،فیصل آباد کی تاجر تنظیموں کے ساتھ بیٹھ کر مسائل کا حل کرینگے ۔شہبازشریف اپوزیشن لیڈر ہیں انہیں تو پارلیمان میں زیادہ آنا چاہئے ۔ن لیگ کی رہنما شائستہ پرویز ملک نے کہا حکومت کسی معاملے میں سیریس ہے ہی نہیں، تاجر شور ڈال رہے ہیں کہ مسائل حل نہ ہوئے تو معیشت بیٹھ جائے گی مگر ان کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی،حکومت پورے پاکستان کی انڈسٹری کو بٹھا کر دم لے گی،آٹے اور چینی کے بحران پر ایجنسیز سے انکوائری کرائی جارہی ہے ،ہم چاہتے ہیں کہ رپورٹ آئے اور ذمہ داروں کو سزا دی جائے ۔پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر سسی پلیجو نے کہاحکومت نے معیشت کا برا حال کردیا،تاجروں کا مسئلہ بہت گھمبیر ہے ، پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹیز میں حکومتی نمائندے آتے ہی نہیں،وزرا تو پارلیمنٹ کے اجلاس میں نہیں آتے ،بلاول بھٹو پنجاب کا دورہ کررہے ہیں ،انہیں وہاں شہبازشریف کی کمی محسوس ہورہی ہوگی۔چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی ایف سی سی میاں نعیم احمد نے کہا ہے ہم نے سول نا فرمانی والی بات ابھی نہیں کی ،تین ماہ سے چھوٹی اور بڑی انڈسٹری کے تاجر پریشانی کا شکا ر ہیں،حکومت کی بیڈ گورننس سے انڈسٹری تقریباً مفلوج ہوچکی ،ہمارے مطالبات جائز ہیں ،ہمارے ساتھ بجلی اور گیس کا ٹیرف فکس کیا گیا مگر اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔