رائے ونڈ (نامہ نگار) ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی تقسیم شروع ہوچکی ہے ۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ق) نے عملی طور پر وزارت اعلیٰ سنبھال لی ہے ۔اختیارات کی تقسیم کے فیصلے پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پریشان ہیں اور جہانگیر ترین کو شکایت کردی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ہونے والی ایک اہم ترین میٹنگ جس میں مونس الٰہی کی قیادت میں ق لیگ نے جہانگیر ترین ،پرویز خٹک، عثمان بزدار اور اعظم سلیمان سے ملاقات کی تھی جس میں جہانگیر ترین نے ق لیگ کی اختیارات کے حصول کے معاملے میں شرائط کو من و عن تسلیم کرلیا اور فوری اقدام کی یقین دہانی کراتے ہوئے چیف سیکرٹری اعظم سلیمان کو ہدایات دیں کہ مونس الٰہی کے ساتھ مل کر روڈ میپ تیار کرلیں۔اطلاعات کے مطابق عثمان بزدار ان تبدیلیوں پر پریشان ہیں کیونکہ اس طرح عملی طور پر ان کا اختیار صفر ہوجاتا ہے ۔پی ٹی آئی کے ذرائع کہتے ہیں کہ عثمان بزدار کو بدلنے کے لیے عمران خان شاید اس لیے بھی خوفزدہ ہوں کہ چند ووٹوں کا ہی فرق ہے اور اگر کسی نے پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے اگلے وزیر اعلیٰ کیلئے ووٹ نہیں دیا تو یہ وفاقی حکومت کو بھی لے ڈوبے گا ۔