اسلام آباد،کوئٹہ (سٹاف رپورٹر،کرائم رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان کے علاقہ تربت میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کے قافلے کی گاڑی کو بارودی سرنگ کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں6 اہلکار شہید ہو گئے جبکہ جوابی کارروائی 4 دہشت گرد بھی مارے گئے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع کیچ میں تربت کے علاقے بلیدہ کے نزدیک واکئی ایریا میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا جس دوران اہلکاروں کو نصب کردہ بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا گیا۔ فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر فائرنگ کی جس سے 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ۔ فو رسز نے واقعہ کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کردی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار گل شہادت(کرک)،نائیک لال خان(لکی مروت)،نائیک ساجد(لودھراں) ، سپاہی انور(کرک)،نائیک نواز(تونسہ شریف) اورسپاہی سجاد (سیالکوٹ)شامل ہیں۔وزیراعلیٰ جام کمال صوبائی وزیر داخلہ میر سلیم کھوسہ اور صوبائی وزیر صحت میر نصیب اﷲ مری نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہید اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی۔