لاہور(سٹاف رپورٹر)واپڈا ترجمان کے مطابق انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) نے رواں سال بھی تربیلا ڈیم میں پوری صلاحیت کے مطابق پانی ذخیرہ کرنے پر واپڈا کی استعداد اور مہارت کا ایک مرتبہ پھر اعتراف کیا ہے ، چیئرمین ارسا شیر زمان خان کی جانب سے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) کے نام اپنے خط میں انہوں نے تربیلا ڈیم میں پانی کی بھرائی کے دوران پراجیکٹ حکام کی کارکردگی کی تعریف کی، چیئرمین ارسا نے اپنے خط میں کہا وہ 2019ء کے موسم خریف میں تربیلا ڈیم کو اس کی انتہائی سطح تک بھرنے کے عمل میں تربیلا ڈیم پراجیکٹ حکام کی غیر معمولی کارکردگی اور پیشہ وارانہ فہم و فراست کا اعتراف کرتے ہیں، موسم خریف کے دوران ارسا کو تمام معاملات خصوصاً منصوبہ بندی اور موسمیاتی پیش گوئی کے بہتر تجزیے کے بارے میں پوری طرح سے آگاہ رکھا گیا ، تربیلا بجلی گھروں کے آپریشن کی کثیر جہتی اور مشکل صورت حال کے ساتھ تربیلا ریزروائر کی بھرائی کے دوران واپڈا کی مہارت بلا شبہ ایک مرتبہ پھر ثابت ہوگئی ۔1974ء میں اپنی تکمیل سے آج تک تربیلا ڈیم پراجیکٹ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے ، تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ مکمل ہونے پر تربیلا پن بجلی گھر سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4ہزار 888 میگاواٹ ہوچکی ہے ۔