اسلام آباد، راولپنڈی (نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) ترک وزیر دفاع جنرل (ر) ہولوسی آکارنے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اورچیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقاتوں کے دوران دفاع اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترک وزیر دفاع جنرل (ر) ہولوسی آکارنے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی ، باہمی دلچسپی کے امور،دونوں ممالک کے مابین دفاع اور سکیورٹی تعاون پر گفتگو کی گئی۔ آرمی چیف نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات آج دیرپا شراکت داری میں بدل چکے ہیں، دونوں ممالک برادرانہ تعلقات کی سنہری تاریخ رکھتے ہیں۔اس موقع پرترک وزیر دفاع نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کاوشوں اور کامیابیوں کو سراہا اور کہا کہ پاک فوج نے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔علاوہ ازیں ترک وزیر دفاع نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ فوجی تعاون میں وسعت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پردونوں جانب سے گہرے ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کے فروغ کا عزم بھی ظاہر کیا گیا۔جنرل (ر) ہولوسی آکار نے کہا کہ پاکستان نے انسداد دہشتگردی کی جنگ میں لازوال قربانیاں دیں۔انہوں نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بھی تعریف کی۔