لاہور(اپنے خبر نگار سے ) سیکنڈری سکول ایجوکیٹرزکی غیر مشروط مستقلی،سکولوں کی بلدیاتی اداروں کو حوالگی اور دیگر تعلیم دشمن اقدامات کے خاتمہ تک تحریک جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہار متحدہ محاذِ اساتذہ پنجاب کے چیئرمین حافظ عبدالناصر،حا فظ غلام محی الدین،رشید احمد بھٹی،محمد اشفاق نسیم،محمد اجمل شاد،محمد آصف جاوید، کاشف شہزاد چودھری، محمد صدیق گل ، شہزاد ندیم قیصرو دیگر نے اپنے مشترکہ اخباری بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ترجیحات میں شائد تعلیم شامل ہی نہیں کیونکہ حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں اساتذہ شدید بے چینی کا شکار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسی صورت حال پر غوروخوض کرنے کے لئے متحدہ محاذِ اساتذہ پنجاب نے 30جنوری جمعرات سی ای او آفس ایجوکیشن کمپلیکس ہال روڑ لاہور میں متاثرہ اساتذہ کے احتجاجی اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے ۔