لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت سابقہ وعدوں کو بھول کرعوام کو نئے سبزباغ دکھا رہی ہے ۔تعلیم اور صحت کے لئے پیسہ نہیں اور چلی ہے نئے شہر بسانے ۔حکومتی پالیسیوں سے عوام کا جینا محال، صنعت کار بدحال،تاجر کنگال ،کسان اورمزدور نڈھال جبکہ قوم کا بری طرح استحصال ہو چکا ،اب حکمران اپنی خیر منائیں کیوں کہ ان کا زوال شروع ہو گیا ۔وزیر اعظم کہتے ہیں کہ دوسال میں گندم کم پیدا ہوئی جبکہ صوبے زراعت میں خود کفیل ہونے کے اشتہارات چھپوا رہے ہیں ۔ملک پر مجموعی قرضوں کا حجم بڑھ گیا اور آئندہ بیرونی ادائیگیوں کیلئے بھی سودی قرضے لینا پڑیں گے ۔حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی کی وجہ سے پاکستان تنہا ہورہا ہے اور سعودی عرب سے تعلقات بھی سرد مہری کا شکار ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل امیر العظیم بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے حالیہ بارشوں سے ہونے والی تباہی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرین کی مالی امداد اور جلد ازجلد بحالی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ سینیٹر سراج الحق نے الخدمت فائونڈیشن کی امدادی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کارکنوں کو ہدایت کی کہ بلوچستان اور سندھ کے دور دراز مقامات پر پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد کریں۔