اسلام آباد،ر اولپنڈی (وقائع نگار،آن لائن) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیرنور الحق قادری نے کہاہے کہ حکومت کی خواہش ہے کہ ماحول کی مناسبت سے تمام علما ایک پیچ پر آئیں، پاکستان کی پالیسی تمام مسالک کیلئے برابر ہے ۔پیر محمد نقیب الرحمن کی زیرصدارت دربار عالیہ عیدگاہ شریف میں منعقدہ اتحاد امت کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ ہمارامعاشرہ بہت زیادہ تضادات کا شکار ہے ۔ اُنکا کہنا تھا کہ جوعناصر مذہب کے نام پر فساد پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں وہ ناکام ہونگے ، علما سے گزارش ہے کہ خانقاہوں میں بھی اتحادبین المسلمین اجاگرکریں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا سعودی عرب اور ایران کے مابین ہونیوالی کشیدگی ختم کرانے میں پاکستان نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا کیونکہ پاکستان کی پالیسی تمام مسالک اور سب کیلئے ایک جیسی ہے ۔ اُنکا کہنا تھا کہ مندر کی تعمیر سے متعلق کافی بحث ہوچکی ہے ، اسلام ہمیں اقلیتوں کے حقوق کا درس دیتاہے ، اسلام آبادمیں2017 میں مندرکیلئے زمین دی گئی تھی، حکومت نے ابھی تک مندر کی تعمیر کیلئے کوئی فنڈ نہیں دیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل مندر کو فنڈز دینے یا نہ دینے سے متعلق فیصلہ کریگی، جس مندرکی ابتداہی انتشار سے ہوئی ہو،اسکا وجودکیسے ممکن ہے ۔ پیر نور الحق نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا،جو عناصر بھی فساد پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، ان سے بیزاری کا اعلانیہ اظہارِ کرنا ہے ،وزیر اعظم اتحاد بین المسلمین کیلئے بہت اچھی سوچ رکھتے ہیں۔کانفرنس سے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز، سجادہ نشین عید گاہ شریف پیر حسیب الرحمن،علامہ محمد امین شہیدی،مولانا طاہر اشرفی، علامہ عارف حسین واحدی، مولانا پیر امین الحسنات و دیگر علما کرام نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیاگیا۔ اعلامیے میں کہا کہ جن شخصیات کے ساتھ کروڑوں لوگوں کی عقیدتیں وابستہ ہوں، وہ اہل بیتؓ ہوں یا صحابہ کرامؓ، انکا ذکر نہایت عقیدت و احترام کیساتھ کیا جائے اور کوئی کمزوربات ان سے منسوب نہ کی جائے ۔دین کی مشترکہ تعلیمات کو عام کرکے اخوت و رواداری کو فروغ دیا جائے ۔