اسلام آباد (وقائع نگار) اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس میں کابینہ کی توانائی کمیٹی نے گردشی قرضوں کی رپورٹنگ میں شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے نیپرا کو اقدامات کی ہدایت کی ہے جبکہ پاکستان میں انرجی مارکیٹ میں اصلاحات کیلئے پاور ڈویژن کی کارگردگی رپورٹ پیش کی گئی۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء عمر ایوب، علی زیدی، شیخ رشید، معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر، مشیر خزانہ حفیظ شیخ شریک ہوئے ۔ اسد عمر نے کہا توانائی مارکیٹ میں اصلاحات کا عمل وقت پر مکمل کیا جائے ۔نئے مسابقتی مارکیٹ نظام کی تشکیل میں انڈسٹری سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے ۔نئے مسابقتی مارکیٹ نظام کے حوالے سے متعلقہ ادارے باقاعدگی سے کارگردگی رپورٹ کابینہ کمیٹی کو پیش کریں۔وزارت پٹرولیم نے اجلاس کو بتایا کہ کرونا کی وبا کے باعث پٹرول کی طلب میں 40 فیصد اورہائی سپیڈ ڈیزل کی طلب میں 50 فیصد سے زائد کی کمی ہوئی ہے ۔وزارت پٹرولیم نے وزارت کے اقدامات سے متعلق بھی آگاہ کیا۔کابینہ کمیٹی نے متعلقہ وزارت کو ملکی سٹوریج صلاحیت بڑھانے کی ہدایت کی۔