لاہور،اسلام آباد،کراچی (نامہ نگار خصوصی، نامہ نگار،سٹاف رپورٹر ،92 نیوزرپورٹ، ایجنسیاں) احتساب عدالت کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی طلبی کا اشتہار جاری کر کے عوامی مقامات پر چسپاں کر دیا گیا، آصف علی زرداری کے وارنٹِ گرفتاری نیب کو ارسال کر دیئے گئے ہیں جبکہ ادھر لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 16جولائی تک توسیع دیدی۔توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی طلبی کا اشتہار جاری کر کے عوامی مقامات پر چسپاں کر دیا گیا۔ جاری اشتہار میں کہا گیا کہ نواز شریف جان بوجھ کر عدالتی کارروائی سے مفرور ہیں، اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی، ریفرنس کا جواب دینے کے لیے 17 اگست تک آخری موقع ہے ۔ توشہ خانہ ریفرنس میں آصف علی زرداری کے 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کیساتھ قابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔ دریں اثنا لاہور ہائیکورٹ میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ فاضل عدالت نے ا ستفسار کیا کہ شہباز شریف کی کورونا کی رپورٹ تو نیگیٹو آ گئی پھر وہ کیوں نہیں حاضر ہوئے ۔ وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ شہباز شریف میں ابھی کورونا کی علامات ہیں، صحت مکمل ٹھیک نہیں۔ عدالت نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں16 جولائی تک توسیع دیدی اور حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کر لی ۔احتساب عدالت لاہورکے جج امجد نذیر نے ایل ڈی اے سٹی میں مبینہ کرپشن پر سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کیخلاف کیس میں نیب حکام کو جلد ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 21 جولائی تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت نے پراپرٹی مینجمنٹ کمپنی کے نام پر فراڈکے ملزم آصف بشیر کیخلاف کیس میں ملزم کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 18 اگست تک ملتوی کردی۔ادھر نیب لاہور نے لیگی رکن اسمبلی برجیس طاہر کیخلاف تحقیقات میں اسلام آباد،سانگلہ ہل اور ننکانہ میں پراپرٹیز اور اکاونٹس سے متعلق تفصیلات طلب کر لیں۔ احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور پر فرد جرم کی کارروائی 24 جولائی تک موخر کر دی ۔ نیب تفتیشی افسر نے مزید وقت دینے کی استدعا کی اور فریال تالپور کی طر ف سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جو عدالت نے منظور کرلی ۔سندھ ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس میں نامزدسپیکر آغا سراج درانی کے بیٹے آغا شہباز سمیت 4 افراد کی درخواست ضمانت آغا سراج درانی اور ان کے اہلخانہ کی درخواست ایک ساتھ سننے کا حکم دیتے ہوئے کارروائی ستمبر تک ملتوی کردی ۔