لا ہو ر،فقیروالی،شیخوپورہ (کر ائم رپو رٹر،نامہ نگار،ڈسٹرکٹ رپورٹر) علامہ اقبال ٹاؤن لاہورمیں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے 2 ملازمین کو ساتھی ملازم نے قتل کردیا ، لیسکو ملازم دو ساتھیوں کو مبینہ طور پرحسد کی وجہ سے قتل کر دیا، پولیس نے چند گھنٹوں میں ہی ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا ، ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ۔ ایس پی اقبال ٹاؤن اویس شفیق کے مطابق اقبال ٹاؤن میں گرڈ سٹیشن ملازم عثمان نے پہلے اپنے ساتھی امجد کو فائرنگ کرکے قتل کیا، امجد کے ساتھی اسحاق نے یہ منظر دیکھا تو عثمان نے گواہی ختم کرنے کیلئے اسے بھی قتل کر دیا۔ پولیس نے شک پر عثمان کو گرفتار کیا تواس نے دوہرے قتل کا اعتراف کر لیا۔ ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اس نے ڈیوٹی انچارج 38 سالہ امجد کو اس کی ترقی ہونے پر حسد کی وجہ سے قتل کیا جبکہ 60 سالہ اسحاق اس قتل کا عینی شاہد تھا اس لیے اسے بھی مار دیا۔ پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا کر مقدمہ درج کر لیا ۔ ملزم کو مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ۔فقیروالی کے گاؤں 33تھری آر میں خاتون نے اپنے بھائیوں کی مدد سے اپنی سوکن کو قتل کر کے لاش کو آگ لگا دی۔پولیس کے مطابق ملزم موقع سے فرار ہو گئے ، متوفیہ رضیہ بی بی نے خاوند کے فوت ہو نے پر اپنے جیٹھ محمد حسین سے دوسری شادی کر لی تھی جبکہ محمد حسین کی پہلی بیوی منورہ بی بی کو اس کا شدید رنجش تھا، رضیہ کو قتل کر کے سلنڈر پھٹنے کا ڈرامہ رچا یاگیا۔شیخوپورہ میں تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ کوٹ عبدالمالک کے قریب سحری کے وقت نامعلوم ملزموں نے مزاحمت پر نوجوان فرمان کو گولیاں مارکر قتل کردیا اور اس سے نقدی ،موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے ۔