کراچی (کامرس رپورٹر)تیل، گیس اور توانائی کی صنعت کی 17ویں عالمی نمائش’’پی او جی ای ای 2019ء ‘‘ (کل)بروز جمعرات 20 جون کو شروع ہوگی۔ 3روزہ عالمی تجارتی نمائش کا انعقاد20 تا 22 جون2019ء کو ایکسپو سینٹر کراچی میں ہوگا ‘جس میں 30 سے زائد ممالک شرکت کریں گے ، تین روزہ میگا ایونٹ میں8 تا10 ہزار وفود کی شرکت بھی متوقع ہے ۔عالمی نمائش کے منتظمین نے کہا ہے کہ ایونٹ میں 30 سے زائد ممالک کی 250 کمپنیاں اپنے سٹالز لگائیں گی جن میں چین، جرمنی، اٹلی، کینیڈا، آسٹریلیا، مصر، فرانس، ہانگ کانگ، بحرین، سوئٹزرلینڈ، جمہوریہ چیک، پولینڈ، جاپان، یواے ای، برطانیہ، امریکا، آسٹریلیا، شمالی کوریا، ڈنمارک، بیلجیئم، ملائیشیا، سپین، تائیوان، تھائی لینڈ، سویڈن، ہالینڈ، سنگاپور، سعودی عرب، ترکی، اردن، لبنان اورجنوبی کوریا سمیت دیگرممالک شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کے انعقاد سے توانائی کے شعبے کی ترقی میں مدد ملے گی۔