لاہور(وقائع نگار)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ صرف ایک سال میں پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں 8350بیڈز کا اضافہ کیاگیا ۔ وزیراعلیٰ نے کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ،میانوالی کے ہسپتال اورملتان میں نشتر ٹو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن ایک سال میں مکمل کی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیا پاکستان منزلیں آسان،کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام اوردیگر عوامی فلاح و بہبود کے زیرتکمیل پروگراموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت پراجیکٹس پر پیش رفت اوردیگرانتظامی و مالی امور کابھی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں 4 نئی یونیورسٹیاں بنیں گی اور6 زیر تکمیل یونیورسٹیاں جلد مکمل کی جائیں گی جبکہ صوبہ بھر میں سپیشل ایجوکیشن کے 10نئے سنٹرز قائم کیے جارہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کاشتکاروں کی سہولت کیلئے کثیر الجہتی کریڈٹ کارڈ سکیم جلد از جلد شروع کی جائے گی۔پنجاب میں واٹر اورہل ٹورازم کے فروغ کیلئے 1.5ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔بہاولپور میں ڈبل ڈیکر بس سروس کا اجراء یقینی بنایا جائے گا۔’’نیا پاکستان منزلیں آسان‘‘ کے تحت 174سڑکوں کی تعمیر و مرمت ہوگی۔وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ورلڈ بینک اوردیگر عالمی مالیاتی ادارے پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے مالی معاونت فراہم کریں گے ۔بعدازاں شہری او ردیہی آبادی کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے پروگرام کا جائزہ لیاگیاجبکہ عالمی بینک اورایشین ڈویلپمنٹ بینک کے اشتراک سے زیر تکمیل پراجیکٹس پر پیش رفت اور مستقبل کے منصوبوں پر غورکیاگیا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کے بعد کی صورتحال، لوگوں کے انخلا کیلئے اقدامات اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس میں بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑنے کے پیش نظر قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، لودھراں، بہاولنگر اور بہاولپور میں تمام حفاظتی اقدامات اور ضروری تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دریا کے بیڈ سے لوگوں کا انخلاء یقینی بنایا جائے اور سیلابی ریلے سے قبل لوگوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھارت نے بغیر کسی اطلاع کے دریائے ستلج میں پانی چھوڑا ہے ۔ گنڈا سنگھ والا پر کل ایک لاکھ کیوسک سے زائد پانی گزرنے کا امکان ہے ۔ قصور اور دیگر اضلاع میں 81 ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے ہاکی اولمپیئن ذاکر حسین کے انتقال پرتعزیت کا اظہار کیا ہے ۔